ٹرمپ کی اہلیہ اور داماد کا صدر کو الیکشن میں شکست تسلیم کرنے کا مشورہ

نیویارک : فہد بن ارشد : امریکی صدر ٹرمپ کی اہلیہ اور داماد نے انہیں الیکشن میں شکست تسلیم کرنے کا مشورہ دے دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کی فتح سے ٹرمپ کے قریبی ساتھیوں میں تقسیم پیدا ہوگئی ہے جب کہ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا اور ان کے داماد اور سینئر مشیر جیرڈ کشنر نے صدر کو الیکشن میں شکست تسلیم کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

امریکی صدر کے بڑے بیٹے نے الیکشن میں جدوجہد پر اپنے والد کی تعریف کی۔

امریکی میڈیا کا بتانا ہےکہ صدر ٹرمپ کے سینئر مشیر اور داماد جیرڈ کشنر انتخابی نتائج سامنے آنے کے بعد خود ٹرمپ کے پاس گئے اور انہیں نتائج تسلیم کرنے کا مشورہ دیا جب کہ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا نے بھی ٹرمپ سے کہا کہ وقت آگیا کہ وہ انتخابات میں شکست کو تسلیم کرلیں۔

امریکی میڈیا کےمطابق ٹرمپ کے بیٹوں ڈونلڈ جون اور ایریک نے امریکی صدر کے ساتھیوں کو مشورہ دیاکہ وہ ٹرمپ کی حمایت جاری رکھیں اور عوامی سطح پر انتخابات کے نتائج کو مسترد کریں۔

امریکی صدر کے بیٹوں نے ری پبلکن رہنماؤں سے گفتگو میں کہا کہ انہیں یقین ہے کہ انتخابات چرائے گئے ہیں اور وہ نتائج کی تبدیلی کے لیے لڑیں گے۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن مطلوبہ 270 الیکٹورل ووٹ حاصل کرکے امریکا کے 46 ویں صدر منتخب ہوچکے ہیں جب کہ ٹرمپ کے 214 ووٹ ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے انتخابات میں شکست تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے اور وہ بضد ہیں کہ ان سے انتخابات میں جیت چھینی گئی ہے اور الیکشن میں دھاندلی کرکے نتائج تبدیل کیے گئے۔

تبصرے

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here