100 دن میں ایسے لگا کامیڈی تھیٹر حکمرانی کر رہا ہے ،احسن اقبال

سکھر: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئررہنما اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پچھلے 100 دنوں میں پاکستان کے ساتھ مذاق ہوئے،100 دن میں 100 لطیفے اور 100 یو ٹرن دیکھنے میں آئے،ایسا لگا کہ کامیڈی تھیٹر حکمرانی کررہا ہے،ہم حکومت کو سیاسی شہید بنانا نہیں چاہتے،حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں کررہا۔

نجی ٹی وی کے مطابق سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ قومی اداروں کو سیاست میں ملوث نہیں کرنا چاہیے،کارکردگی پیش کرنی چاہیے،معیشت گروتھ نہیں کریگی تو غربت اور مہنگائی آئیگی،غلط اقتصادی پالیسیوں نے 2 ہزار ارب قرضے کا بوجھ بڑھادیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ تحریک انصاف نے ماضی میں کرپشن کہہ کہہ کر ناک میں دم کیا ہو اتھا،قوم کو کہا کہ 90 دن میں کرپشن فری پاکستان بنائیں گے تاہم حکومت میں آکر کے پی کے کا احتساب کمیشن ہی بند کردیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو اپنے وزیر اعظم ہونے کا ہی یقین نہیں،سلیکٹ وزیراعظم آئی ایم ایف سے قرض کے بجائے خود کشی کا کہتے تھے،وزیراعظم جو مرغی اور انڈے کا پروگرام پیش کررہے ہیں یہ صوبائی حکومتوں کا کام ہے،100 دن میں یہ ہی قاعدہ پڑھ لیتے کہ وفاق و صوبائی حکومت کا دائرہ کیا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئین کی حکمرانی کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں،حکومت کے خلاف کوئی سازش نہیں کررہا،ہمارے دور میں عمران خان اور ان کی ٹیم نے آگ کو بڑھانے کا کردارادا کیا،ہم حکومت کو سیاسی شہید بنانا نہیں چاہتے۔

تبصرے

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here