کرتارپور راہداری کے افتتاح کے بعد کبڈی میچز کرانے کا فیصلہ

لاہور:پاکستان کبڈی فیڈریشن کا سالانہ اجلاس صدر چودھری شافع حسین کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی اور آئندہ ہونے والی گیمز اور ایونٹس کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان آرمی، ایئرفورس، نیوی، واپڈا، ریلوے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن سمیت چاروں صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں چودھری سرور، اختر عباس خواجہ، رائے مسعود، طاہروحید، کمانڈر (ر) شاہد نذیر اور فریاد حسین بھی شامل ہیں۔

صدر کبڈی فیڈریشن چودھری شافع حسین نے کہا کہ کبڈی لوکل کھیل ہے اس کو زیادہ سے زیادہ پروموٹ کیا جانا چاہئے، نام نہاد اور جعلی تنظیم کھلاڑیوں کو خراب کر رہی ہے جس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے اور جلد حکومت پاکستان کی طرف سے اس کو بین کر دیا جائے گا۔

چودھری شافع حسین نے کہا کہ پاکستانی اور سکھ کمیونٹی کبڈی کو بڑا پسند کرتی ہے اسی لیے آئندہ کبڈی ورلڈ کپ پاکستان میں منعقد کروانے کے حوالے سے لائحہ عمل بھی مرتب کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایشیاءکے علاوہ پورے یورپ میں کبڈی کے کھیل کو فروغ دے رہا ہے۔

اجلاس میں نئے سالانہ بجٹ، ورلڈ جونیئر کبڈی ٹورنامنٹ اور ساﺅتھ ایشین سپورٹس ٹیم کی منظوری دی گئی جبکہ فیڈریشن کے زیراہتمام منعقدہ 25 ایونٹس کی مکمل رپورٹ اجلاس میں پیش کی گئی۔

اجلاس میں کرتار پور راہداری کے افتتاح کے بعد انٹرنیشنل کبڈی میچ کروانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلہ میں سات رکنی کمیٹی کی منظوری دی گئی جس میں دو خواتین کو بھی شامل کیا جائے گا جبکہ اولمپک گیمز کے حوالے سے بھی لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔

تبصرے

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here