پی سی بی کا رواں سال ڈومیسٹک پلیئرز کی تنخواہوں میں بھی اضافے کا فیصلہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رواں سال ڈومیسٹک پلیئرز کی تنخواہوں میں بھی اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق 192 ڈومیسٹک کرکٹرز کے معاوضوں میں نئے کنٹریکٹس میں 15 سے 40 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے، بجٹ منظوری کی صور ت میں یہ اضافہ 50 فیصد تک بھی جاسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سیزن میں جب ڈومیسٹک اسٹرکچر کو تبدیل کیا تھا تو 6 ریجنز میں فرسٹ الیون اور سیکنڈ الیون میں شامل مجموعی طور پر 192 کرکٹرز کو 50 ہزار روپے ماہانہ مشاہرے کے ڈومیسٹک کنٹریکٹس دیے تھے۔

ذرائع کا ماننا ہے کہ اضافے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹرز کی ماہانہ تنخواہیں 60 ہزار سے 75 ہزار کے درمیان ہوجائیں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ پلیئرز کی میچ فیس میں بھی اضافہ کیا جائے گا جس کے بعد فرسٹ الیون کے کرکٹرز سالانہ 25 لاکھ سے زائد آمدن حاصل کرنے لگ جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے 10 کرکٹرز کو اے پلس کنٹریکٹس دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، اے پلس میں ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے ٹاپ پرفارمرز، انڈر 19 کے ٹاپ پلیئرز اور سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم موجودہ انٹرنیشنل کرکٹرز بھی شامل ہوں گے۔

تبصرے

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here