امید ہے کہ اس بار پاکستان میں کافی تعداد میں ببلز کا بندوبست کیا جائے، بین ڈنک

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے آسٹریلین بیٹسمین بین ڈنک ایک بار پھر لیگ میں چوکوں اور چھکوں کی برسات کیلئے تیار ہیں جن کا کہنا ہے کہ میں اس بار بھی چھکے، چوکے لگا کر ببل پھلانے کو تیار ہوں اور امید ہے کہ اس بار پاکستان میں میرے لئے کافی تعداد میں ببلز کا بندوبست کیا جائے گا۔ 

تفصیلات کے مطابق پانچ ٹی 20 میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر بین ڈنک نے نجی خبر رساں ادارے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کے آغاز سے ہی قلندرز کا عزم تھا کہ وہ پی ایس ایل ٹرافی اٹھائیں، ماضی میں لاہور قلندرز کی فتوحات انجوائے کرنے کا زیادہ موقع نہیں مل سکا لیکن اس بار کافی اچھا چانس ہے اور امید ہے کہ لاہور کی ٹیم اس بار اپنے خوابوں کی تعبیر ضرور حاصل کرے گی لیکن اس کیلئے ضروری ہے کہ بقیہ میچز میں اچھی کرکٹ کھیلیں۔

بین ڈنک نے پی ایس ایل میں دو یاد گار اننگز کھیلیں جس میں کوئٹہ کیخلاف 93 اور کراچی کنگز کے خلاف 99 رنز کی اننگز شامل ہیں تاہم اس بار ان کی نظریں سنچری پر مرکوز ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اگر فائنل تک گئے اور وہاں سنچری سکور کی تو اس سے بڑھ کر کوئی اور بات نہیں ہوگی لیکن پھر بھی میری نظریں انفرادی سکور کی بجائے ٹیم کی مجموعی کارکردگی پر ہوتی ہیں اور اگر میری بیٹنگ نہ آئے، لیکن ٹیم جیتے تو بھی مجھے بہت خوشی ہوگی۔

لاہور قلندرز کے جارح مزاج بیٹسمین نے کہا کہ میری نظر میں قابل عزت ہار کی کوئی اہمیت نہیں، 180 رنز کے تعاقب میں وقار بچانے کیلئے 150 رنز کرنے سے بہتر ہے کہ میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں اور میچ کو اس پوزیشن میں لے کر آئیں کہ حریف پریشان ہوں، پاکستان کے ٹی 20 قومی ٹورنامنٹ کو بھی فالو کیا اور اس بات کی خوشی تھی کہ لاہور قلندر ز کے کھلاڑیوں فخر زمان، حارث رؤف، شاہین شاہ آفرید اور محمد حفیظ نے ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کیا، امید ہے کہ یہ کھلاڑی پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں بھی اچھا پرفارم کریں گے۔

تبصرے

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here