نیا پاکستان تعصبات سے بالاتر ہو کر ہمیں بلندیوں کی طرف لے جائے گا،صدر مملکت

ملتان: صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ اسلام کے پیغام محبت کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،نیا پاکستان وہ ہے جو تعصبات سے بالاتر ہو کر ہمیں بلندیوں کی طرف لے جائے گا۔ایک ایسا پاکستان جہاں لوگوں کو ان کاحق ملے گا۔

بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان میں بین الاقوامی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ پرانا پاکستان وہ ہے جو تعصبات اور نفرتوں کی طرف لے جاتاہے جو ہمیں نیچے کی جانب کھینچتا ہے اور نیا پاکستان وہ ہے جو تعصبات سے بالاتر ہو کر ہمیں بلندیوں کی طرف لے جائے گا۔ایک ایسا پاکستان جہاں لوگوں کو ان کاحق ملے گا ۔انصاف ملے گا ۔غریب کو روزگار ملے گا ،رہنے کے لیے گھر ملیں گے اور تعلیم اورصحت کی سہولیات انہیں فراہم کی جائیں گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ جن چیزوں کاحکم نبی کریم ﷺ اور قرآن پاک میں دیا ہے ان پر عمل کریں گے تو پاکستان کی ترقی کوئی نہیں روک سکے گا۔صدرمملکت نے کہاکہ اسلام محبت کا پیغام دیتا ہے۔محبت کے ذریعے دلوں کو جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ صوفیاء کرام نے بھی محبت کے ذریعے لوگوں کو جوڑ دیا۔اور محبت کے ذریعے ہی اسلام کا پیغام پھیلایا۔انہوں نے کہاکہ عقیدتوں کے اسی طریقہ کار کو رائج کرنے کی ضرورت ہے۔رواداری ،برداشت ،مذہبی ہم آہنگی کاماحول اسی صورت میں پروان چڑھتا ہے جب ہم محبت کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ رسول پاکﷺ نے بھی محبت کے ذریعے اپنا پیغام پہنچایا۔نبی پاکﷺ کے بارے میں یہ روایات ہیں کہ انہیں کبھی غصہ نہیں آیاتھا۔کسی بات پر پریشان ہوتے یا کوئی بات ناگوارگزرتی تو آپ کا چہرہ مبارک سرخ ہوجاتاتھا لیکن کسی کو آپ کی زبان سے تکلیف نہ پہنچی۔اسلام کا اصل پیغام ہی محبت اور درگزر کرنا ہے۔اللہ تعالی نے بھی درگزر کرنے والوں اور معاف کرنے والوں کو پسند فرمایا۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ رسول پاکﷺ نے ہمیں ہمیشہ کے لیے یہ درس دیا کہ مسلمان ریاست میں کبھی کسی چرچ کو تباہ نہیں کیا جائے گااور نہ غیرمسلم کے ساتھ زبردستی شادیاں کی جائیں گی اور چرچ کے اندر موجود سامان کی حفاظت کی جائے گی۔ناموس رسالتﷺ پر ہم سب قربان ہونے کو تیارہیں لیکن اس معاملے پر کسی انسان کو ناحق نقصان پہنچانا صحیح نہیں ہے۔ اللہ تعالی کو ہماری عبادات کی ضرورت نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کائنات کاذرہ ذرہ اس کی عبادت کررہاہے ۔ہم نماز کاسلام پھیرنے کے بعد پھرگمراہ ہوجاتے ہیں جبکہ نماز میں ہم اللہ تعالی سے سیدھا راہ دکھانے کی دعا کرتے ہیں۔ہمارا مذہب ہمیں حقوق العباد کادرس دیتا ہے۔انہوں نے کہاکہ اسلام کے سچے پیغام کو عام کرنا بہت ضروری ہے۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ تعصات اورنفرت ہمیشہ کے لیے زندگیوں کاحصہ بن جاتی ہیں اور پھراس کا بوجھ ہمیں نسل درنسل اٹھانا پڑتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں ہم نے بہت تعصبات دیکھے اوران تعصبات کوختم کرنے میں ہمیں پانچ دس برس نہیں پورے 35سال لگ گئے۔انہوں نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ زکریایونیورسٹی بامقصد اوریکساں نظام تعلیم رائج کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہاکہ اس یونیورسٹی کو جو مالی مشکلات درپیش ہیں ان کے خاتمے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔

صدرمملکت نے کہاکہ اسلام نے عورتوں کے حقوق پر بہت زوردیا ہے ۔ہمیں ان کوعزت دینے اور ان کے حقوق کویقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ ایوان صدر کے دروازے علماء ومشائخ اور ہرخاص عام کے لیے کھلے ہیں۔

ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ نبی کریم ﷺ کے اخلاق اور درگزر کا یہ معیارتھا کہ ان پر کوڑا پھینکنے والی عورت جب ایک دن ان پر کوڑانہ پھینکا تو اس کی خیریت معلوم کرنے اس کے گھر پہنچ گئے۔یہ نبی کریم ﷺ اور اولیاء کرام کا یہی پیغام ہے کہ درگزر ،محبت کے اوصاف پیدا کرکے معاشرے میں امن قائم کریں اورحضرت بہاؤالدین زکریا نے بھی اپنے دور میں اس علاقے میں مذہبی ہم آہنگی کا رویہ پروان چڑھایا ۔امن محبت کاراستہ اختیارکرکے اسلامی تعلیمات کو فروغ دیا۔

تبصرے

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here