منی بجٹ، علیمہ جائیداد، نیب مقدمات؛ اپوزیشن کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان

اسلام آباد: اپوزیشن کی تمام جماعتیں حکومت کو دباؤ میں رکھنے کی متفقہ حکمت عملی بنا لی جس کے تحت اپوزیشن نے نہ صرف متوقع منی بجٹ کی سخت مخالفت کا فیصلہ کیا ہے بلکہ دیگر ایشوز پر بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کی تیاری ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے جو 2ہفتے جاری رہے گا، اس حوالے سے حاصل کی گئی معلومات کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے جن ایشوز کو ایوان زیریں میں زیر بحث لایا جائے گا ان میں مالی بحران کی وجہ سے ملکی معیشت کو درپیش سنگین خطرات، مہنگائی اور اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف نیب مقدمات سرفہرست ہیں، اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کی امریکا میں پراپرٹی کی میڈیا پر آنے والی تفصیلات کا معاملہ بھی اٹھائے گی۔

اس کیساتھ ساتھ اجلاس میں قومی ایشوز بھی زیر بحث لائے جانے کی توقع ہے جن میں لائن آف کنٹرول کی صورتحال، فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سمیت دیگر معاملات شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اپوزیشن کی حکمت عملی سے متعلق پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا منی بجٹ کی جو خبریں ہیں اگر ایسا ہوا تو اپوزیشن اس کی سخت مخالفت کرے گی، اس سال میں یہ تیسرا بجٹ آ رہا ہے، اپوزیشن اس صورتحال پر خاموش نہیں رہے گی۔

سابق اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا اسپیکر اسد قیصر نے ملاقات میں کہا ہے حکومت اور اپوزیشن کی مشاورت سے عوامی مفاد کی قانون سازی ناگزیر ہے،جس پر انھیں یقین دلایا ہے کہ اپوزیشن عوامی مسائل کے حل کیلیے قانون سازی میں تعاون پر تیار ہے۔

جہاں تک آصف زرداری اور نواز شریف کی ملاقات کا تعلق ہے ابھی تو میاں صاحب جیل میں ہیں، جب باہر آئیں گے ملاقات بھی ہو جائے گی نواز شریف ایک دو ماہ میں باہر آ جائیں گے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اپوزیشن ان تمام ایشوز کو اٹھائے گی جن کی وجہ سے عوام مشکلات اور مسائل کا شکار ہیں۔

علاوہ ازیں ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق پی پی رہنما خورشید شاہ نے اسپیکر اسد قیصر سے سپیکر ہاؤس میں ملاقات کی۔

تبصرے

جواب چھوڑ دیں

Please enter your comment!
Please enter your name here